اسلام آباد:
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 74ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک کے عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہے، اور پاکستان چین کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان "ون چائنا پالیسی” پر غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا، کیونکہ دونوں ممالک کی دوستی آزمائشوں کے ہر دور میں کھری اتری ہے۔ انہوں نے پاک چین رشتے کو "آہنی بھائی چارہ” اور "تزویراتی شراکت داری” قرار دیا۔
صدر نے مزید کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں بے مثال وسعت اور گہرائی آئی ہے، چین نے ہر کٹھن گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، جس پر ہم چینی حکومت اور عوام کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کا کلیدی شراکت دار ہے، جبکہ سی پیک (پاک چین اقتصادی راہداری) دونوں ممالک کے درمیان اشتراک عمل کی درخشاں علامت بن چکی ہے۔ سی پیک نے معیشت، انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں۔
صدرِ پاکستان نے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی پاکستان چین کے ساتھ دفاع، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔