اسلام آباد:
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی عسکری مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے فوری، واضح اور بلند سطح پر جواب دیا جائے گا۔
یہ بیان انہوں نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج میں "ایکسسرسائز ہیمر اسٹرائیک” کے دوران دیا، جہاں پاک فوج نے جدید جنگی مہارتوں اور اسلحہ جاتی نظام کا عملی مظاہرہ کیا۔ مشق میں فضائی قوت، آرٹلری، جنگی ہیلی کاپٹرز اور انجینئرنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
جنرل عاصم منیر نے جوانوں کے حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مربوط جنگی مظاہرے کی تعریف کی اور کہا کہ یہ پاک فوج کی جنگی تیاریوں کی عکاسی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن قومی مفادات کے دفاع کے لیے فوج کی تیاری غیر متزلزل ہے۔