امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے آئندہ ہفتے ایک براہِ راست ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ اگر 8 اگست تک کوئی امن معاہدہ طے نہ پایا تو امریکہ روس پر مزید سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ٹرمپ، پیوٹن سے ملاقات کے بعد یوکرینی صدر سے بھی الگ ملاقات کریں گے تاکہ دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لایا جا سکے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ یہ ملاقاتیں سفارتی سطح پر اہم پیش رفت ثابت ہوں گی اور اس سے خطے میں کشیدگی میں کمی آ سکتی ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے پیغام دیا ہے کہ جنگ بندی میں ناکامی کی صورت میں روس کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ بین الاقوامی سطح پر ان بیانات کے بعد سفارتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے اور عالمی رہنما اس ملاقات کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔









