پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد ایک اور بڑی خوشخبری کا اعلان کرنے والے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی عوام کے لیے بروقت ریلیف ہے، جو آئی ایم ایف کو قائل کر کے ممکن بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ رمضان سہولت بازاروں کے ذریعے عوام کو 1.11 ارب روپے کی بچت ہوئی جبکہ 13 نئے بازار اگست تک قائم کیے جائیں گے، اور موجودہ بازاروں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔ "سہولت آن دی گو” کے تحت 14 موبائل مراکز کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ حکومت نے ایک ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کیں، جبکہ صفائی اور ادویات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے گنڈا پور کے اخراجات، کرپشن اور بنیادی سہولیات کی بدحالی پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے پانی کی تقسیم پر سیاست کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ رہنماؤں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے
پریس کانفرنس کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے تھیٹرز کے ماحول پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جلد اس حوالے سے نیا لائحہ عمل متعارف کرایا جائے گا۔