ویب ڈیسک (21 مئی 2025):
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل کا بیٹے کی شادی اور اس کے بعد کی خاندانی زندگی کے حوالے سے دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جسے صارفین خوب سراہ رہے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں نادیہ جمیل نے انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے کی بات اگلے ماہ طے ہونے والی ہے، جبکہ شادی آئندہ سال متوقع ہے۔ مگر اس خوشی کے موقع پر انہوں نے والدین خصوصاً ماؤں کو ایک اہم پیغام بھی دے ڈالا۔
نادیہ جمیل نے واضح الفاظ میں کہا:
"شادی کے بعد میں بہو پر نہیں بلکہ اپنے بیٹے پر چیل کی نظر رکھوں گی، تاکہ یہ یقینی بنا سکوں کہ وہ کسی کی بیٹی کے ساتھ ناانصافی نہ کرے، اور اسے گھر میں اجنبی یا کمتر محسوس نہ ہونے دے، کیونکہ وہ بھی اسی گھر کی فرد ہے۔”
انہوں نے کہا کہ ماؤں کا فرض ہے کہ وہ اپنے بیٹوں کی ایسی تربیت کریں کہ وہ عورت کو عزت، برابری اور اعتماد کے ساتھ دیکھیں۔
"عورت ایک امانت ہے، جو پہلے باپ کے پاس تھی اور اب شوہر کے حوالے کی گئی ہے، اسے کمزور نہیں سمجھنا بلکہ اس کا ساتھ دینا ہے۔”
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک مثالی رشتہ وہی ہوتا ہے جہاں میاں بیوی ایک دوسرے سے مشورہ کرکے زندگی کے فیصلے کرتے ہیں۔ ان کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر خواتین و مرد حضرات کو بے حد پسند آئی، اور صارفین نے اس سوچ کو نئی نسل کی پرورش کے لیے ضروری قرار دیا۔