میٹا نے نوجوانوں کی آن لائن حفاظت کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اپنے پیرنٹل کنٹرول اپ ڈیٹس میں تبدیلیاں کی ہیں۔ اس کے بعد 16 برس سے کم عمر صارفین انسٹاگرام پر لائیو اسٹریمنگ فیچر کا استعمال نہیں کر سکیں گے۔
میٹا کا کہنا تھا کہ 16 برس سے کم عمر انسٹاگرام صارفین کو ڈائریکٹ میسجز میں مشکوک تصاویر کو خودبخود دھندلا دینے والے فیچر کو بند کرنے کے لیے والدین کی اجازت درکار ہوگی۔
یہ اپ ڈیٹس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ٹِین اکاؤنٹ سسٹم کا حصہ ہیں، جس کو گزشتہ ستمبر میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس سسٹم کے تحت 16 برس سے کم عمر صارفین کا اکاؤنٹ ڈیفالٹ طور پر پرائیویٹ کر دیا جاتا ہے، میسجنگ کی سہولت کو محدود کر دیا جاتا ہے، اور صارف کو میٹا کی حساس کانٹینٹ کی سیٹنگز میں سخت ترین کیٹیگری میں شامل کیا جاتا ہے۔
میٹا نے بتایا کہ اب فیس بک اور فیس بک میسنجر کے لیے بھی ٹِین اکاؤنٹس متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ ستمبر کے بعد سے تقریباً 5 کروڑ 40 لاکھ نوعمر صارفین کو ٹِین اکاؤنٹس میں منتقل کیا جا چکا ہے۔