ایم ٹیگ

موٹرویز پر پرانے ایم ٹیگ 31 مئی کو ختم ہوجائینگے

اسلام آباد(کامرس رپورٹر ) موٹرویز حکام کی جانب سے گاڑی مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرانے ایم ٹیگ ( مقررہ تاریخ سے پہلے تبدیل کروا لیں، کیونکہ پرانے ایم ٹیگ 31 مئی کو ختم ہو جائیںگے ۔

یکم جون سے پہلے شہری اپنی گاڑی کا نیا ایم ٹیگ مفت تبدیل کروا سکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو سہولت دینے کیلئے پرانے ایم ٹیگ کی تبدیلی کا عمل فی الحال مفت رکھا گیا ہے، تاہم مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد اس سہولت پر فیس عائد کر دی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق یکم جون سے ایم ٹیگ لگوانے یا تبدیل کروانے کی فیس 150 روپے مقرر کی جائے گی، جبکہ یکم جولائی سے یہی فیس بڑھا کر 300 روپے کر دی جائے گی۔ اس لیے موٹروے پر سفر کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی اضافی خرچ یا پریشانی سے بچنے کیلئے بروقت اپنا نیا ایم ٹیگ حاصل کر لیں۔حکام کے مطابق ایم ٹیگ موٹرویز پر سفر کو آسان، تیز اور منظم بنانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایم ٹیگ کی مدد سے گاڑیاں ٹول پلازوں پر لمبی قطاروں میں رکے بغیر آسانی سے گزر سکتی ہیں، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوتی ہے بلکہ ٹریفک کے دبا میں بھی کمی آتی ہے۔

موٹروے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پرانے ایم ٹیگ ختم ہونے کے بعد شہریوں کو ٹول پلازوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے تمام گاڑی مالکان کو چاہیے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں اور جلد از جلد اپنے قریبی ایم ٹیگ سینٹر سے رجوع کریں۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے پہلے اپنے ایم ٹیگ کی تصدیق ضرور کر لیں تاکہ موٹروے پر داخلے کے وقت کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ خاص طور پر روزانہ موٹروے استعمال کرنے والے افراد، کمرشل گاڑیوں کے مالکان اور لمبے سفر پر جانے والے شہری اس ہدایت پر فوری عمل کریں۔انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد موٹروے کے ٹول سسٹم کو مزید بہتر، شفاف اور جدید بنانا ہے تاکہ شہریوں کو سفر کے دوران آسانی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں