اسلام آباد(کامرس ڈیسک )وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ایس ای سی پی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انکی زیرِ صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھونے وزیرِ خزانہ کو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ کمشنرز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں کارپوریٹ سیکٹر، کیپیٹل مارکیٹس اور نان بینکنگ فنانشل سیکٹر سے متعلق امور، کارپوریٹ گورننس اور موثر ریگولیٹری نظام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ منڈیوں کی ترقی سے متعلق اقدامات پر گفتگوکی گئی جبکہ کاروبار میں آسانی اور کمپنی رجسٹریشن کے فروغ پر غور کیا گیا علاوہ ازیں پاکستان کے کارپوریٹ اور مالیاتی شعبے کی پائیدار ترقی سے متعلق امور زیرِ بحث لائے گئے۔
اس موقع پر وزیر خزانی محمد اورنگزیب نے کہا کہ ایس ای سی پی کاروبار دوست ماحول، موثر قانون نافذ کرنے اور منصفانہ کاروباری طرزِ عمل کے فروغ کےلئے پرعزم ہے۔انہوں نے سرکاری ملکیتی کمپنیوں کو نوٹسز کے اجرا پر ایس ای سی پی کے اقدامات کو سراہا۔