اسلام آباد(کامرس رپورٹر)ملک میں چینی کی قیمتوں اور افغانستان کیلئے چینی کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سرکاری اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ جولائی 2024 تا جنوری 2025، رواں مالی سال کے7 ماہ کے دوران افغانستان کو چینی کی برآمد میں حیرت انگیز طور پر ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات میں سب سے زیادہ حصہ چینی کا ہی ہے، رواں مالی مالی سال کے پہلے7 ماہ میں افغانستان کے لیے چینی کی برآمد 26 کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہی ہے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران افغانستان کیلئے چینی کی برآمد محض 59 لاکھ ڈالر تھی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 میں 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی، پھر آخری بار اکتوبر 2024 میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمدکرنیکی اجازت دی گئی تھی۔اس حوالے سے دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں حالیہ 10 ہفتوں کے دوران چینی کی اوسط قیمت 21 روپے 26 پیسے فی کلو بڑھ گئی.
چینی کی اوسط قیمت 153 روپے 11 پیسے فی کلو پرپہنچ چکی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 160روپے فی کلو تک ہے، ملک میں چینی کی اوسط قیمت 10 ہفتے قبل صرف 131 روپے 85 پیسے فی کلو تھی۔