لاہور (نمائندہ خصوصی ) ملک بھر میں آج یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا ، سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں،
شرکا نے حوصلوں، امنگوں اور ہمت و جرات کی لازوال داستان رقم کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔ یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔
جمعرات کو نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا ۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہو ئی اور پاکستان ایئرفورس کے چاق چوبند دستے نے گارڈز کی ذمے داریاں سنبھا ل لیں ۔