لاہور: مشہور زمانہ مصنف اور متنازع بیانات کے لیے شہرت رکھنے والے خلیل الرّحمان قمر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، لیکن اس بار وجہ کوئی ڈرامہ نہیں بلکہ ایک چونکا دینے والا کیس ہے۔
ذرائع کے مطابق خلیل الرّحمان قمر نے ہنی ٹریپ اور اغوا جیسے سنگین الزامات میں آمنہ عروج سمیت دیگر افراد کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ یہ اپیل ان کے وکیل مدثر چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں خلیل قمر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان خود پولیس کے سامنے جرم کا اعتراف کر چکے ہیں، اس کے باوجود نچلی عدالت نے حقائق کو نظرانداز کیا اور انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے۔
انہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اور ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے تاکہ انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہو۔