لاہور: پولیس نے اسٹیج اداکارہ ثمر رانا کو 14 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد اور مبینہ طور پر زیادتی کے مقدمے میں گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ نواب ٹاؤن میں درج ہوا، جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے اداکارہ کو حراست میں لے لیا گیا۔ انویسٹی گیشن حکام کا کہنا ہے کہ ثمر رانا پر الزام ہے کہ اس نے کمسن ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ڈرایا دھمکایا، جبکہ نامعلوم افراد نے لڑکی سے مبینہ زیادتی کی اور اس کی ویڈیوز بھی بنائیں۔
ایس پی انویسٹی گیشن صدر ڈویژن میاں معظم علی نے بتایا کہ مزید ملوث افراد کی تلاش جاری ہے اور متاثرہ بچی اور اس کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور کیس کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔









