بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ فلسطینی نیشنل اتھارٹی کے عہدیداروں اور فلسطین لبریشن آرگنائزیشن پر امریکی پابندیاں حیران کن ہیں۔ انہوں نے قیام امن کے لیے بین الاقوامی برادری کی کوششوں کو امریکہ کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات ناقابل فہم ہیں۔
جمعہ کے روز گو جیاکھون نے کہا کہ اس وقت فلسطین کا مسئلہ ایک اہم تاریخی موڑ پر ہے۔ بین الاقوامی برادری بالخصوص امریکہ کو منصفانہ اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے، اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر سنجیدگی سے عمل درآمد کرنا چاہیے اور مسئلہ فلسطین کے مناسب تصفیے کے لیے مثبت کوششیں کرنی چاہئیں۔
چین فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بحالی کے منصفانہ مقصد کی بھرپور حمایت کرتا ہے، غزہ اوردریائے اردن کے مغربی کنارے سمیت تمام فلسطینی علاقوں پر فلسطینی نیشنل اتھارٹی کے موثر اختیار کی حمایت کرتا ہے اور "دو ریاستی حل” کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کے جامع، منصفانہ اور دیرپا حل کا حامی ہے۔