غزہ سٹی کے ال اہلی عرب اسپتال کو اسرائیلی فضائی حملے میں شدید نقصان پہنچا، جو شہر کا آخری مکمل فعال طبی مرکز تھا۔
حملے میں اسپتال کے انتہائی نگہداشت اور سرجری وارڈز تباہ ہو گئے، جبکہ عمارت سے آگ اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے وقت کچھ مریض بستروں پر موجود تھے، جنہیں جان بچا کر بھاگتے دیکھا گیا۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حملے کا ہدف اسپتال میں قائم حماس کا مبینہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تھا، تاہم غزہ کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ادھر غزہ کے علاقے دیر البلح پر ایک اور فضائی حملے میں 6 بھائیوں سمیت کم از کم 37 افراد شہید ہو گئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جاری جنگ میں شہادتوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اصل تعداد 61 ہزار 700 سے زائد ہو چکی ہے۔ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔