کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایک اور المناک واقعے میں غیرت کے نام پر ایک لڑکی اور اس کا کزن قتل کر دیے گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب عید کے موقع پر لڑکی نے گھر والوں سے فون پر رابطہ کیا، جس پر لواحقین نے انہیں معافی دینے اور واپس آنے کی اجازت دے دی تھی۔
پولیس کے مطابق، لڑکی کے والد نے اپنی بیٹی اور بھانجے کو گھر واپس آتے ہی گولی مار کر قتل کر دیا۔ مقتولین کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان تھیں۔ قتل کے بعد ملزم فرار ہوگیا، جس کی تلاش کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے نے علاقے میں خوف و غم کی فضا پیدا کر دی ہے۔ ایک بار پھر غیرت کے نام پر قتل نے ہمارے معاشرے کے زخموں کو تازہ کر دیا ہے، جہاں عزت کی جھوٹی تشریح انسانی جانوں سے بڑھ کر سمجھی جاتی ہے۔