سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو سیاست سے مائنس نہیں کیا جا سکتا کیونکہ وہ ایک نظریہ بن چکے ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے ہیں، لیکن پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی باتوں سے وہ اتفاق کرتے ہیں کیونکہ ملک صرف اسی وقت چلے گا جب آئین کی بالادستی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت اسٹیبلشمنٹ پورے نظام کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے، مگر عمران خان کسی ذاتی رعایت کے لیے نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ ان لیڈرز سے فاصلہ اختیار کیا جو اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہوئے۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت خود مختار نہیں ہے، اسی لیے عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست بات کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ ملک میں اصل سیاسی قیادت کا فقدان ہے اور کوئی ایسی جماعت باقی نہیں بچی جسے حقیقی معنوں میں جمہوری پارٹی کہا جا سکے۔
ان کے مطابق، "جو شخص آئین، قانون اور جمہوریت کی بات نہیں کرتا، وہ سیاست دان کہلانے کا حق دار نہیں۔ عمران خان کو مائنس کرنا اب ممکن نہیں۔”