راولپنڈی: سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان نے پولی گراف ٹیسٹ کروانے سے ایک بار پھر صاف انکار کر دیا، جس کے بعد لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم کو اڈیالہ جیل سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کی ٹیم عدالتی احکامات کے تحت 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کے لیے پولی گراف اور دیگر فرانزک ٹیسٹ کرنے اڈیالہ جیل پہنچی، لیکن عمران خان نے نہ صرف تفتیش میں تعاون کرنے سے انکار کیا بلکہ خود پولیس ٹیم کے سامنے بھی پیش نہ ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق سابق وزیر اعظم کے انکار کے باعث فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ بھی نہیں کیے جا سکے۔ فرانزک ماہرین اور ڈی ایس پی آصف جاوید کی قیادت میں آنے والی ٹیم جیل میں چار گھنٹے انتظار کرتی رہی مگر کسی نتیجے کے بغیر واپس لوٹ گئی۔
یاد رہے کہ عمران خان اس سے قبل بھی تین مرتبہ اسی نوعیت کے ٹیسٹ کرانے سے انکار کر چکے ہیں، جس سے تفتیشی عمل مزید پیچیدہ ہو رہا ہے۔