راولپنڈی (نیوز ڈیسک)پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو نیشنل ایجنڈا پر آنے کی دعوت دی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت جلدی ختم کی گئی، عدالت کے اندر قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، بشری بی بی کو آج عدالت میں پیش نہیں ہونے دیا گیا، کمرہ عدالت میں آج بھگدڑ مچی اچانک پولیس اہلکار باہر بھاگے، نادیدہ قوتوں نے آج ساری سماعت کو سبوتاژکیا۔
انہوںنے کہاکہ بشری بی بی کو عدالت میں پیش نہیں ہونے دیا گیا، ان کے خلاف درج مقدمات میں شامل تفتیش بھی نہیں ہونے دیا گیا۔ہم اے ٹی سی عدالت میں جائینگے اس پر عدالت سے بات کرینگے۔
انہوںنے کہاکہ عمران خان نے کہا ہے قوم کا مینڈیٹ چوری کرنے والے کے خلاف آرٹیکل چھ لگنا چاہیے، قاضی فائز عیسی نے فراڈ الیکشن کو تحفظ دیا، پی ٹی آئی کے ساڑھے 3 سو لوگوں کی ضمانت ہوئی لیکن کل انہیں دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا، ملک میں آئین معطل ہے۔
انہوںنے کہاکہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم ملک کی خاطر مذاکرات میں بیٹھے، حکومت بچی کھچی آزادی کو سلب کرنا چاہتی ہے، بانی نے کہا آج آزادی اظہار رائے کو دہشتگردی بنا دیا گیا ہے، ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، کورٹ پیکنگ نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پی ٹی آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو مخصوص نشستیں ملنی چاہیئں، بدقسمتی ہے پاکستان میں الیکشن فراڈ کرکے اپوزیشن کو مخصوص نشستوں سے محروم رکھا گیا۔









