ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے سینئر مشیر ایڈمرل علی شمخانی نے اپنی شہادت سے متعلق افواہوں کو رد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ نہ صرف زندہ ہیں بلکہ وطن پر جان قربان کرنے کو بھی تیار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے کے بعد وہ مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا "پریس ٹی وی” کے مطابق، انہوں نے رہبرِ اعلیٰ کو پیغام دیتے ہوئے کہا:
"صبحِ فتح قریب ہے، شہداء کی مسکراہٹیں ہمارے کل کا وعدہ ہیں۔”
خیال رہے کہ 13 جون کو ایک اسرائیلی فضائی حملے میں علی شمخانی شدید زخمی ہوئے تھے، اور بعد ازاں ان کی شہادت کی افواہیں سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئیں تھیں۔ تاہم، اب ان کے تازہ ویڈیو پیغام اور بیانات نے ان تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اسی حملے میں ایران کے کئی اہم عسکری رہنما شہید ہوئے، جن میں چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری، پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، اور ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر امیر علی حاجی زادہ شامل تھے۔
ایران نے اس حملے کے جواب میں ’وعدہ صادق سوم‘ نامی آپریشن کے ذریعے اسرائیلی فوجی اور انٹیلی جنس مراکز پر اب تک 15 فیزز میں جوابی کارروائیاں کی ہیں۔