کابل: افغان طالبان نے رواں سال قید کی گئی امریکی خاتون فائی ہال کو رہا کر دیا۔ ذرائع کے مطابق، ان کی امریکا واپسی کے انتظامات جاری ہیں۔
سابق امریکی سفیر زلمے خلیل زاد نے تصدیق کی کہ فائی ہال کو رہا کر کے قطر کے حکام کے سپرد کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی طبی جانچ کے بعد صحت بہتر ہونے کی تصدیق کی گئی۔ تاہم، امریکی محکمہ خارجہ نے تاحال اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
رپورٹس کے مطابق، فائی ہال کو فروری میں گرفتار کیا گیا تھا اور قطر کی مدد سے انہیں جمعرات کو رہا کیا گیا۔ انہیں کابل میں واقع قطری سفارت خانے منتقل کیا گیا، جہاں سے وہ جلد امریکا روانہ ہوں گی۔
مزید یہ کہ فائی ہال کو برطانوی جوڑے باربی اور پیٹر رینالڈز کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، جو افغانستان میں گزشتہ 18 سال سے تعلیمی منصوبے چلا رہے تھے۔ تاہم، برطانوی جوڑے کی رہائی کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔