ویتنام:
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کو بیرونِ ملک دورے کے دوران ان کی اہلیہ نے تھپڑ مار دیا۔
تفصیلات کے مطابق فرانسیسی صدر اپنے سرکاری دورے پر ویتنام پہنچے۔ جیسے ہی وہ ہوائی جہاز سے اترنے لگے، کیمرے کی آنکھ نے ایک دلچسپ لمحہ محفوظ کر لیا، جس میں بظاہر دکھائی دیتا ہے کہ ان کی اہلیہ نے انہیں زور سے تھپڑ مارا۔
وائرل ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جب صدر میکرون نے اہلیہ کی طرف ہاتھ بڑھایا تو اُنہوں نے اسے تھامنے سے بھی گریز کیا، جس نے سوشل میڈیا پر مزید چہ مگوئیاں شروع کر دیں۔
ابتدائی طور پر فرانسیسی حکام نے اس ویڈیو کو "جعلی” قرار دیا، لیکن بعد میں صدارتی محل نے اسے حقیقی ویڈیو تسلیم کر لیا، مگر ساتھ ہی وضاحت دی کہ یہ "مذاق میں کیا گیا عمل” تھا۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق ایلیسی پیلس کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں کے درمیان یہ محض ایک ذاتی اور نجی لمحہ تھا جس میں معمولی نوک جھونک کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کوئی لڑائی نہیں بلکہ "قربت کا لمحہ” تھا۔
یاد رہے کہ میکرون اور ان کی اہلیہ 2007 سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں۔