کراچی(کورٹ نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے صحافی فرحان ملک کا دوسرے کیس میں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے نے بدھ کو ایک دوسرے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے دوسرے کیس میں فرحان ملک کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔دوسرے کیس میں صحافی فرحان ملک پرغیر ملکیوں سے انٹرنیٹ فراڈ کا الزام لگایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل صحافی فرحان ملک کو ایف آئی اے نے پیکا قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور گزشتہ روز عدالت نے فرحان ملک کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کا حکم دیاتھا۔