لاہور: ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر بڑھ رہی ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات کو جلدی کرنے کی تجویز دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، ہیٹ ویو کے خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں محکمہ اسکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن اور صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔
مراسلے میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی جائے اور اگر گرمی مزید بڑھتی ہے تو موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان جلدی کر دیا جائے۔
اسکے علاوہ، مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ اسکولوں اور کالجز میں بلا تعطل صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بچوں کو ہلکے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جائے۔ عارضی طور پر آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی لگانے کی تجویز دی گئی اور کلاس رومز کی وینٹیلیشن، پنکھوں اور کولنگ سسٹم کو فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ اسکولوں میں ابتدائی طبی امداد کے کاؤنٹرز قائم کیے جائیں اور ہیٹ ویو کے حوالے سے تربیت یافتہ اسٹاف کو ڈیوٹی پر لگایا جائے۔ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سے مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ معلومات کی بروقت ترسیل ممکن ہو سکے۔