بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شانتی پریا، جنہوں نے اکشے کمار کے ساتھ فلم ’’سوگندھ‘‘ میں کام کیا تھا، نے سماجی توقعات اور خوبصورتی کے فرسودہ معیارات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے بال خود ہی منڈوا دیے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا پر نئی تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ بیج رنگ کے لباس اور اپنے مرحوم شوہر سدھارتھ رے کے کوٹ میں دکھائی دیں۔ شانتی نے کہا کہ یہ قدم صرف ظاہری تبدیلی نہیں، بلکہ ایک اندرونی آزادی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پر اکثر ایسی حدود مسلط کر دی جاتی ہیں جو وہ خود ہی مان لیتی ہیں، مگر اب وقت ہے ان پنجرہ نما نظریات سے نکلنے کا۔ "میں خود کو معاشرے کی لگائی گئی زنجیروں سے آزاد محسوس کر رہی ہوں، یہ فیصلہ میری ہمت اور خود پر اعتماد کا اظہار ہے۔”
شانتی کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا ڈر بھی تھا کہ شاید یہ قدم ان کے کیریئر پر اثر انداز ہو، مگر انہوں نے خوف کے بجائے دل کی آواز پر عمل کیا۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ اپنے شوہر کے کوٹ کو پہن کر وہ ان کی قربت کو محسوس کر رہی ہیں، جیسے وہ آج بھی ان کے ساتھ ہوں۔
اگرچہ سوشل میڈیا پر ردعمل ملا جلا ہے، لیکن شانتی کا جواب واضح تھا: "خوبصورتی کا کوئی ایک پیمانہ نہیں، ہر شخص کا اپنا انداز ہوتا ہے۔”