لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ان کے نقصانات کا مکمل ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ سیلابی خطرات والے علاقوں میں رہنے والے لوگ فوری طور پر ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ عوام کی زندگی اور سلامتی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، اسی لیے ریسکیو اور انتظامی ادارے ہر لمحہ الرٹ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گھروں، کھیتوں اور مویشیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور متاثرین کو ان کا حق کسی صورت روکا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہر شہری کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔









