لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ سیلاب متاثرین حکومت کا انتظار نہ کریں بلکہ انتظامیہ خود ان تک پہنچ کر ریلیف فراہم کرے۔ پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرہ عوام کے لیے خیمہ بستیاں، ٹوائلٹ اور فوری راشن کا بندوبست کیا جائے، ساتھ ہی اسکولوں کی عمارتوں کو ریلیف سینٹر کے طور پر استعمال میں لایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب کی سنگین صورتحال میں بروقت اقدامات سے انسانی جانوں اور لاکھوں مویشیوں کو بچایا گیا، جس پر تمام ادارے داد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو فون کر کے حکومت کو نہ بلانا پڑے بلکہ انتظامیہ گھر گھر اور گاؤں گاؤں خود پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر متاثرہ خاندانوں اور مویشیوں کو بچایا، جس پر وہ ان کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد پانی کی نکاسی، عوامی رابطوں کی بحالی اور متاثرین کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔









