کراچی(کامرس ڈیسک )سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بغیر قانونی وجہ، مجاز اتھارٹی کی منظوری اور تصدیق کے اکاﺅنٹس بلاک کرنے سے روک دیا ۔عدالتی حکم پر سٹیٹ بینک نے ملک بھر کے بینکوں کو نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا جس میں حکم دیا گیا ہے کہ غیر ارادی اور احتیاطی پابندیوں سے بھی اکاﺅنٹ ہولڈرز کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔
سٹیٹ بینک کے حکم کے مطابق یقینی بنایا جائے کسی بھی بینک اکاﺅ نٹ پر ڈیبٹ بلاک، آپریشنل پابندی یا اکاﺅ نٹ فریزنگ کا اقدام صرف قانون کے مطابق ہو جبکہ کسی بھی شہری کے اکاﺅنٹ کے حوالے سے قانونی اختیار اور مناسب تصدیق کے بعد ہی کارروائی ہو سکے گی۔
بینک ہدایات پر مکمل عمل درآمد کیلئے مناسب اندرونی میکانزم بھی وضع کر سکتے ہیں، بینک اندرونی میکانزم سے یقینی بنائیں تاکہ قانونی اختیار کے بغیر غیر ارادی یا احتیاطی پابندیوں سے اکانٹ ہولڈرز کو غیر ضروری نقصان نہ پہنچے۔
واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے بغیر قانونی اختیار اور اتھارٹی کی منظوری سے بینک اکاﺅ نٹس بلاک کرنے سے روک رکھا ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے سٹیٹ بینک کو اندرونی میکانزم طے کرنے اور ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی تھی، سٹیٹ بینک نے عدالتی حکم پر عمل درآمد رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دی۔