اسلام آباد(کامرس ڈیسک) مشیر وزارت خزانہ خرم شہزاد نے دعوی کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر تیل کی قیمتیں طے کرنے سے مہنگائی میں اضافہ کم ہوگا۔ایک بیان میں خرم شہزاد نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، ٹیکسوں کے حجم اور عالمی مارکیٹ کے اثرات پر حکومتی پالیسی کے حوالے سے کہا حکومت اس وقت صرف پیٹرول اور ڈیزل پرصرف لیوی وصول کر رہی ہے، جبکہ سیلز ٹیکس صفر ہے ۔
خرم شہزاد نے حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا جب خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا تو حکومت نے اس کا پورا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا تھا، اسی طرح جب خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی تو حکومت نے زیادہ سے زیادہ فائدہ بھی عوام تک پہنچایا۔انھوں نے دعوی کیا اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوں تو ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی اور مہنگائی میں اضافے کے امکانات بھی کم ہوں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس اقدام سے پمپ مالکان اور مافیا کے لیے ذخیرہ اندوزی کرنا ناممکن ہو جائے گا، جس کا براہِ راست فائدہ عام صارف کو مہنگائی میں کمی کی صورت میں ملے گا۔