اسلام آباد ( کامرس ڈیسک)ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق رواں ہفتے گھی، مرغی، چاول اور آلو سمیت 29 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.17 فیصد کا مزید اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران آلو 2 روپے 91 پیسے فی کلو مزید مہنگے ہوئے جبکہ زندہ مرغی کی قیمت میں 26 روپے 94 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا۔باسمتی چاول 6 روپے 30 پیسے فی کلو، کیلے 8 روپے 82 پیسے فی درجن اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 103 روپے 87 پیسے مہنگا ہوا، اس کے علاوہ ڈھائی کلو والا گھی کا ڈبہ 35 روپے 68 پیسے، دال ماش 9 روپے 62 پیسے، لہسن 9 روپے 87 پیسے فی کلو، دال مونگ 6 روپے 4 پیسے، دال چنا 4 روپے 77 پیسے، ایک ہفتے میں دال مسور 3 روپے 39 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے پیاز 24 روپے 27 پیسے فی کلو، ٹماٹر 3 روپے7 پیسے فی کلو سستے ہوئے جبکہ انڈے ایک ہفتے میں 10 روپے 21 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں استحکام رہا۔