راجستھان: بھارتی فضائیہ کا ایک اور جنگی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ بدھ کے روز ریاست راجستھان کے ضلع چورو میں بھارتی فضائیہ کا جگوار طیارہ زرعی زمین پر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ معمول کی پرواز پر تھا۔
مقامی پولیس افسر تھانہ راجالدیسر کے ایس ایچ او کملیش نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا اور ایمرجنسی پروٹوکول بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ پائلٹ کی حالت کے بارے میں تاحال سرکاری طور پر کچھ نہیں کہا گیا، تاہم غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پائلٹ ہلاک ہو چکا ہے۔
یہ واقعہ بھارتی فضائیہ کے جگوار طیارے کے حوالے سے صرف تین ماہ کے اندر تیسرا بڑا حادثہ ہے، جس نے IAF کی تکنیکی اور حفاظتی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ بھارتی وزارت دفاع یا فضائیہ کی جانب سے اب تک کسی قسم کا باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران بھارتی فضائیہ کی جانب سے حادثات کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر جگوار، MiG-21 اور Su-30 جیسے پرانے طیارے بار بار حادثات کا شکار ہو رہے ہیں۔ ماہرین ان حادثات کو نہ صرف تکنیکی ناکامی قرار دے رہے ہیں بلکہ ادارہ جاتی غفلت اور تربیتی نظام کی کمزوری بھی اس کا ایک بڑا سبب ہے۔









