موتی والا

ذخیرہ اندوزی اور ناقص پالیسیوں نے آٹا عوام کی پہنچ سے دور کر دیا، موتی والا

کراچی (نیوز ڈیسک)کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کراچی میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں آٹے کے بحران نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2800 روپے تک پہنچ جانا حکومتی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2750 روپے، اسلام آباد میں 2733 روپے جبکہ راولپنڈی میں 2707 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، لیکن کراچی کے عوام سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے باعث آٹے کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں جس کا بوجھ براہ راست عام آدمی پر پڑ رہا ہے۔

ایاز میمن موتی والا نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے غریب آدمی کو سسکا سسکا کر مارا جا رہا ہے، جبکہ حکمران عوامی مشکلات کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں

اپنا تبصرہ لکھیں