ٹرینڈا (سپورٹس نیوز) ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام تک مضبوط پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز اسکور کر لیے۔ عبداللہ شفیق کی ذمہ دارانہ سنچری اور بابر اعظم کی پراعتماد بیٹنگ نے قومی ٹیم کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔
ویسٹ انڈیز کے 344 رنز کے جواب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں ہوا۔ پہلی وکٹ 34 رنز پر گری جب امام الحق 14 رنز بنا کر شیمار جوزف کا شکار بنے۔نوجوان اوپنر اذان اویس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 55 رنز بنائے اور ٹیم کو مستحکم بنیاد فراہم کی۔اس کے بعد عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 168 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔
اس دوران عبداللہ شفیق نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی جبکہ بابر اعظم بھی نصف سنچری اسکور کرنے کے بعد 86 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک عبداللہ شفیق 107 اور بابر اعظم 86 رنز کے ساتھ کریز پر ڈٹے ہوئے تھے، جبکہ پاکستان کو ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 78 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آٹ ہوگئی۔واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو 1-0 کی برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے اس میچ میں کامیابی درکار ہے۔