صدر ، وزیراعظم

شہدائے پولیس کی جرات اور قربانیاں قوم کیلئے باعث فخر ہیں ، صدر ، وزیراعظم کا پیغام

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا اور اس عزم کی تجدید کی گئی وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر پولیس افسروں اور اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس دن کو منانے کا مقصد بہادر پولیس افسران اور اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کر نا ہے۔

اس موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، قرآن خوانی اور شہدا کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں، جنہوں نے دہشت گردی، جرائم اور امن دشمن عناصر کے خلاف بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا، ان کی قربانیوں کی بدولت معاشرے میں امن و امان کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں۔یوم شہدا پر شہدا کے اہلِ خانہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے اپنے پیاروں کی عظیم قربانی کو صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کیا، حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور انکے مشن کو اسی جذبے سے آگے بڑھایا جاتا رہے گا۔

چار اگست کا دن اس عہد کی یاد دلاتا ہے کہ وطن کی سلامتی، قانون کی حکمرانی اور عوام کے تحفظ کیلئے شہدائے پولیس کی لازوال قربانیاں قوم کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔ دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہدائے پولیس کی جرات اور قربانیاں قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں، شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف پولیس کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں، پولیس نے دہشتگرد اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو ناکام بنایا، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کیلئے پولیس کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان پولیس کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، شہدا کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی مضبوطی کیلئے بہتر تربیت، ٹیکنالوجی اور وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے پولیس کے جانباز افسران اور اہلکاروں کو دلی خراجِ عقیدت اور سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز پر اپنی جان نچھاور کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور غیر متزلزل عزم کو مظاہرہ کیا ہے جو لائق تحسین ہے، ہمارے پولیس کے شہدا کی ناقابل فراموش قربانیوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی، امن و امان کے قیام کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان غیور بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتی ہے جن کی بے لوث خدمات نے آنے والی نسلوں کیلئے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی راہ ہموار کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج یومِ شہدائے پولیس پر ہم اپنے شہدا کے اہلِخانہ کے صبر، استقامت اور حوصلے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں پوری قوم کی مشترکہ قربانیاں ہیں، شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ہر ممکن معاونت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کے اہلِ خانہ کو معیاری تعلیم، صحت کی بہترین سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے حکومت کوشاں ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔یوم شہدائے پولیس پر جاری اپنے بیان میں محسن نقوی نے پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہدا قوم کے حقیقی ہیروز ہیں، ان کی لازوال قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے پولیس فورس کی خدمات قابلِ فخر ہیں، دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔وفاقی وزیرِ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے پولیس کی عظیم قربانیاں وطن کے امن اور استحکام کی ضمانت ہیں، قوم اپنے بہادر پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں