ممبئی (شوبز رپورٹر) بھارت کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستانی اداکار و ماڈل دودی خان سے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی تو انہیں غدار کہا گیا، ان کے خلاف فتوے نکالے گئے۔
راکھی ساونت نے حال ہی میں بھارتی صحافی کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے دودی خان سے تعلقات، دوستی اور شادی کے معاملے پر کھل کر بات کی۔اداکارہ نے کہا کہ دودی خان بہادر انسان ہے، وہ پاکستانی ہے لیکن ان کے پاس یورپی ملک نیدرلینڈ کا پاسپورٹ ہے، وہ بھارت آ سکتے ہیں، پہلے بھی آ چکے ہیں۔ان کے مطابق دودی خان بھارتیوں کی دھمکیوں اور ٹرولنگ سے ڈر گئے، انہیں لگا کہ اگر وہ راکھی ساونت سے شادی کے لیے بھارت جائیں گے تو بھارتی ان کی بینڈ بجا دیں گے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ ان کے اور دودی خان کے درمیان دو، ڈھائی سال سے دوستی ہے اور جب انہوں نے پاکستانی اداکار کی پیش کش پر ان سے شادی کے لیے رضامندی ظاہر کی تو بھارتیوں کو مرچیں لگ گئیں۔راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ بھارتی پاکستان کے خلاف فلمیں بنا کر پیسے کمانا درست سمجھتے ہیں، فلموں میں پاکستان کو غلط اور خراب دکھایا جاتا ہے، وہاں کچھ نہیں ہوتا۔راکھی ساونت نے یہ دعوی بھی کیا کہ میڈیا میں غلط رپورٹنگ اور منفی پروپیگنڈے کی وجہ سے بھی دودی خان ان سے شادی کرنے سے پیچھے ہٹے ہیں۔









