دبئی کے حکمران کی بیٹی اور معروف شہزادی شیخہ مہرہ نے امریکی مراکشی نژاد ریپر فرنچ مونٹانا کے ساتھ منگنی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
گزشتہ برس شادی کے صرف ایک سال بعد طلاق لینے والی شیخہ مہرہ کی فرنچ مونٹانا کے ساتھ دوستی اور تعلقات کی خبریں طویل عرصے سے گردش میں تھیں، تاہم اب دونوں نے پیرس فیشن ویک کے دوران قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ کی موجودگی میں منگنی کی خوشی منائی۔
شیخہ مہرہ نہ صرف شاہی خاندان کی فرد ہیں بلکہ کاروباری دنیا میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے "مہرا M1” کے نام سے پرفیوم برانڈ لانچ کیا، جس کا پہلا پرفیوم "ڈائیوارس” ان کی 2024 کی علیحدگی کے بعد متعارف ہوا تھا۔
ان کی ایک بیٹی بھی ہے جو مئی 2024 میں پیدا ہوئی تھی، لیکن چند ماہ بعد ہی شیخہ مہرہ اور ان کے سابق شوہر شیخ مانا بن محمد المکتوم کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
دوسری جانب فرنچ مونٹانا، جن کا اصل نام کریم خربوش ہے، اپنے مشہور گانوں کے ساتھ ساتھ افریقی اور مشرقِ وسطیٰ میں فلاحی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی عالمی سطح پر جانے جاتے ہیں۔









