اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان میں نارتھ ساﺅ تھ ٹرانسمیشن انفرااسٹرکچر سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرتا ہے، حکومت پاور سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن اور جدید اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب پر کام کر رہی ہے، ایک کروڑ بجلی کے جدید میٹرز کی مرحلہ وار تنصیب کے منصوبے پر پیشرفت جاری ہے۔
تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر اویس لغاری سے ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد کی ملاقات کی ہے جس میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری، ٹرانسمیشن نظام اور قابلِ تجدید توانائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اویس لغاری نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں تقریبا 15 لاکھ جدید میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں، بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز اور ٹرانسمیشن لائنز حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
ملاقات کے دوران ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔کونستانتین لیمیٹووسکی نے کہا کہ بینک کے پاس تقریبا 100 سے 150 ملین ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری پائپ لائن میں ہے، بینک قابلِ تجدید توانائی، پائیدار انفرااسٹرکچر اور ٹرانسمیشن منصوبوں کی مالی معاونت کا جائزہ لے گا۔پاکستان اور ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے درمیان توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔