شہباز شریف

جولائی میں سالانہ بنیاد پر 13فیصد اضافی ترسیلات زر موصول ہونا خوش آئند ہے،وزیراعظم کا اظہار اطمینان

اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے جولائی کے مہینے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ جولائی میں سالانہ بنیاد پر 13فیصد اضافی ترسیلات زر موصول ہونا خوش آئند ہے، جولائی میں سمندر پار پاکستانیوں نے ماہانہ بنیاد پر 4.5فیصد زیادہ ترسیلات بھیجیں۔شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا معیشت کے استحکام اور ترقی میں مثبت کردار لائق تحسین ہے، سمندر پار پاکستانی ہمارا قومی معاشی دھارے کا بیش قدر جزو ہیں۔

قبل ازیں اسٹیٹ بینک نے ترسیلات زر کا ماہانہ ڈیٹا جاری کیا ہے جس کے مطابق پاکستانیوں نے جولائی میں 3 ارب 60 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے۔ ترسیلات زر کی آمد میں ماہانہ 4.5 فیصد اور سالانہ 13 فیصد اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق جولائی میں سب سے زیادہ 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سعودیہ عرب سے آئے، دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 73 کروڑ 73لاکھ ڈالریو اے ای سے بھیجے گئے، برطانیہ سے پاکستانی 55 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز بھیج کر تیسرے نمبر پر رہے۔یورپی یونین سے پاکستانیوں نے 46 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے، دیگر خلیجی ممالک سے مجموعی طور پر 33 کروڑ 60 لاکھ ڈالر وطن آئے، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے جولائی میں 32 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔

معاشی ماہرین کے مطابق مشرق وسطی کی صورتحال کے باوجود ترسیلات زر متاثر نہیں ہوئی، دنیا اور خاص کر خلیجی ممالک سے پاکستانی اپنا سرمایہ بھی منتقل کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان کومالی سال 2025-26 میں ریکارڈ 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں تھیں۔ متحدہ عرب امارات کا پاکستان کی مجموعی سالانہ ترسیلات زر میں حصہ تقریبا 21.2 فیصد رہا۔ ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 8.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں