سوشل میڈیا پر ایک جعلی اسکرین شاٹ نے عوام میں سنسنی پھیلا دی ہے، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مشہور اینی میٹڈ سیریز "دی سمپسنز” نے ایک پاکستانی کرکٹر کے کار حادثے میں جاں بحق ہونے کی پیشگوئی کی تھی۔ تاہم اس وائرل پوسٹ میں نہ تو کسی کرکٹر کا نام واضح کیا گیا ہے، نہ ہی اس کا کوئی حقیقی ماخذ موجود ہے۔
پوسٹ میں ایک فرضی منظر دکھایا گیا ہے جس میں کارٹون کی طرز پر ایک حادثہ اور اس کے ساتھ جملہ تحریر ہے: “یہ تکلیف دہ ہے، پاکستان کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک اچانک حادثے میں چل بسا۔ لیکن یہ حادثہ تھا یا کچھ اور؟” مداحوں کی جانب سے تبصروں میں محمد رضوان، شاداب خان، اور بابر اعظم کے ناموں کا ذکر کیا جا رہا ہے، جس سے افواہوں کو مزید تقویت ملی ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ "دی سمپسنز” کے نام پر کئی جعلی پیشگوئیاں ماضی میں بھی گردش کرتی رہی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ ماہرین کے مطابق ایسی جھوٹی پوسٹس کا مقصد صرف سوشل میڈیا وائرل ویوز حاصل کرنا اور افواہوں کو پھیلانا ہے۔ فی الحال کسی بھی معروف پاکستانی کرکٹر کی موت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔









