ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول سپر ہیرو فرنچائز "کرش” کے چوتھے حصے میں پریانکا چوپڑا ایک بار پھر ہریتھک روشن کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں ایک بار پھر مشہور کردار ’جادو‘ کی واپسی کا امکان ہے، جو 23 سال بعد دوبارہ بڑے پردے پر نظر آ سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی ہدایتکاری اس بار خود ہریتھک روشن کریں گے، جو پہلے اس سیریز کے ہیرو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ہریتھک اور پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا نے مرکزی خاتون کردار کے لیے ایک بار پھر پریانکا کا انتخاب کیا ہے۔
پریانکا اس سے پہلے "کرش” اور "کرش 3” میں بھی ہریتھک کے ساتھ کام کر چکی ہیں، اور ان کی اسکرین کیمسٹری کو شائقین کی جانب سے بھرپور سراہا گیا تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ فلم کی کاسٹ میں ریکھا اور پریتی زنٹا کی واپسی بھی متوقع ہے، جو اس بار بھی ہریتھک کے خاندان کا حصہ ہوں گی۔