راولپنڈی —
توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت وکلائے صفائی کی مصروفیات کے باعث ملتوی کردی گئی ہے۔ خصوصی عدالت سینٹرل کے جج شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں مقدمے کی کارروائی کی صدارت کی، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
کارروائی کے دوران عمران خان کی بہنیں، عظمیٰ خان اور نورین خان عدالت میں موجود تھیں، تاہم علیمہ خان، سہیل خان اور قاسم زمان کو جیل میں داخلے کی اجازت نہ مل سکی۔ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ بھی سماعت میں شریک ہوئے، جبکہ محدود میڈیا نمائندگان کو کوریج کی اجازت دی گئی۔
توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی اور عمران خان کے وکلاء، بیرسٹر سلمان صفدر، چوہدری ظہیر عباس اور عثمان گل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ تین ماہ بعد سماعت ہو رہی ہے اور دفاعی وکلاء مصروفیات کے باعث گواہوں پر جرح کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کو 26 مئی تک مؤخر کر دیا۔ آئندہ سماعت پر چھٹے گواہ، قیصر محمود پر جرح کی جائے گی، جبکہ مزید گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اب تک توشہ خانہ 2 کیس میں آٹھ گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں، جن میں سے سات پر دفاعی وکلاء جرح مکمل کر چکے ہیں۔ مقدمے کی آخری سماعت 17 فروری کو ہوئی تھی، جس میں وکلاء ارشد تبریز اور قوثین مفتی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔