لاہور(نیوز ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ دوہرے ٹیکسوں کا نظام فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ کاروباری طبقے پر اضافی مالی بوجھ کم ہوسکے، تاجروں کیلئے کم شرح سے فکس ٹیکس کی سکیم لائی جائے۔
اپنے بیان میںانہوںنے کہا کہ پیچیدہ ٹیکس نظام کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں، مطالبہ ہے کہ ٹیکس کے نظام کو سہل بنایا جائے اور ٹیکسز کی شرح کو بھی کم کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ رضا کارانہ طورپر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں۔
اشرف بھٹی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تاجروں کے لئے خصوصی ریلیف پیکج دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خصوصاًچھوٹے تاجروں کے لیے بجلی کے بلوں میں خصوصی رعایت دی جائے کیونکہ بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے کاروباری اخراجات میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔ امید ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں کاروباری طبقے کو حقیقی ریلیف فراہم کرے گی جس سے معیشت بھی ترقی کر ے گی ۔