ویب ڈیسک – 21 مئی 2025
معروف امریکی گلوکار جسٹن بیبر نے اپنی اہلیہ ہیلی بیبر سے ماضی میں کیے گئے ایک تلخ جملے پر سوشل میڈیا پر کھلے عام معافی مانگ لی ہے، جس نے ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق، ہیلی بیبر کے ووگ میگزین کے فرنٹ پیج پر جلوہ گر ہونے کے بعد جسٹن بیبر نے انسٹاگرام پر اہلیہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ ایک جھگڑے کے دوران ہیلی سے کہہ بیٹھے تھے:
"تم کبھی ووگ کے فرنٹ پیج پر نہیں آؤ گی!”
جسٹن نے اپنی پوسٹ میں وضاحت دی کہ یہ جملہ انہوں نے غصے، مایوسی اور انتقامی کیفیت میں کہا تھا، لیکن اس کا مقصد اہلیہ کا دل دکھانا ہرگز نہیں تھا۔
"وقت کے ساتھ انسان سیکھتا ہے کہ بدلہ لینا رشتوں میں دراڑیں ڈالتا ہے، محبت نہیں بڑھاتا،” جسٹن نے لکھا۔
انہوں نے نہایت محبت بھرے انداز میں ہیلی سے معذرت کرتے ہوئے لکھا:
"بیبی، تم جانتی ہو… مگر پھر بھی، میں معذرت خواہ ہوں کہ میں نے کہا تم ووگ پر نہیں آؤ گی۔ میں بالکل غلط تھا!”
بعد ازاں جسٹن نے یہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی اور صرف چند ایموجیز پر مشتمل کیپشن چھوڑا، جس پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا۔
ہیلی بیبر کا یہ ووگ انٹرویو ان کے کیریئر میں سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے، جہاں انہوں نے نہ صرف اپنے پیشہ ورانہ تجربات بلکہ ازدواجی زندگی اور زچگی کے بعد کے مسائل (postpartum) پر بھی کھل کر گفتگو کی۔