بھارتی فوج کے کرنل امیت کمار نے اپنی بیوی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ایسا سنسنی خیز انکشاف کیا ہے جس نے پورے بھارت میں طوفان برپا کر دیا ہے۔ کرنل کا کہنا ہے کہ اُن کی بیوی کے ساتھ فوجی افسران کی جانب سے ناروا سلوک روا رکھا گیا، اور اعلیٰ سطح کے افراد کے خلاف FIR درج ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق کرنل امیت کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ جب وہ اپنی اہلیہ کو فیملی وارڈ سے لے کر آئے، تو اُن کے ساتھ انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ان کا الزام ہے کہ بھارتی فوج کے چند اعلیٰ عہدیداران نے اپنی پوزیشنز کا ناجائز استعمال کیا، اور "ڈیوٹی اور آرڈرز” کی آڑ میں اُن کی بیوی کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
کرنل کے مطابق، ایف آئی آر نمبر 33/2024 میں تین بریگیڈیئر اور ایک لیفٹیننٹ کرنل کے نام شامل تھے، لیکن بعد میں تمام افراد کو کلین چٹ دے دی گئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات انہی افراد نے کیں جو براہِ راست اس واقعے میں شامل تھے۔ کرنل کے مطابق یہ محض غفلت نہیں بلکہ ایک "ادارہ جاتی پردہ پوشی” کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب خود آرمی کمانڈر، جنرلز، اور قانونی مشیر اس جرم میں ملوث ہوں، تو انصاف کی اُمید کیسے کی جا سکتی ہے؟ اسپتال سے اب تک میڈیکل ریکارڈ بھی فراہم نہیں کیا گیا، جبکہ سچ چھپانے کے لیے جعلی پیغامات اور عوامی رائے کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔
کرنل امیت کمار کی طرف سے سامنے آنے والی یہ آواز بھارت میں اُن خواتین کے لیے ایک علامت بن سکتی ہے جو خاموشی سے ظلم برداشت کر رہی ہیں، خصوصاً اُن اداروں میں جہاں انصاف تک رسائی مشکل بنا دی جاتی ہے۔