وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں وزیراعظم نے پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق، اس گفتگو میں جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی صورتِ حال پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں قربانیاں دی ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے پہلگام حملے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو "بے بنیاد اور گمراہ کن” قرار دیتے ہوئے اس واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ریاستی دہشت گردی پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے پانی اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے اور بھارت کو اشتعال انگیزی سے باز رہنے کا پیغام دے۔
گفتگو کے اختتام پر سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ موجودہ حالات میں خطے کو کشیدگی سے دور رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔