کراچی کے علاقے کورنگی میں باپ کے اندھے قتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے مقتول کے اپنے بیٹے، بہو اور بیٹے کی خاتون دوست کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفتیش کے مطابق، 61 سالہ محمد متین کو اس کے بیٹے دانش نے کاروباری تنازع اور ذاتی اختلافات پر قتل کرانے کا منصوبہ بنایا۔ دانش نے اپنے والد کو راستے سے ہٹانے کے لیے تین لاکھ روپے میں کرائے کے قاتلوں سے سودا کیا، جنہیں 50 ہزار روپے ایڈوانس خاتون دوست ایمن کے ذریعے دیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل سے قبل ملزم نے بیوی سے والد کی نقل و حرکت کی معلومات لیں، اور بہو نے مقتول کے گھر سے نکلنے کی اطلاع شوہر کو دی۔ واقعے کے دن فائرنگ سے متین جاں بحق اور داماد زخمی ہوا۔ گرفتاری کے بعد ملزم نے جرم کا اعتراف کیا ہے۔
ایک کرائے کا قاتل بیماری کے باعث جاں بحق ہوچکا ہے، دوسرا مفرور ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دیگر جرائم میں بھی ملوث رہے ہیں۔