بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کا ایک پُرانا انٹرویو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ واضح طور پر کہتے نظر آ رہے ہیں کہ انہیں بالی ووڈ میں کام ملے یا نہ ملے، کوئی پرواہ نہیں۔
دلجیت نے کہا کہ اُن کا نہ کبھی بالی ووڈ میں سپر اسٹار بننے کا خواب تھا اور نہ ہی وہ فلمی دنیا میں اپنے لیے کوئی کیریئر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا:
"میں ایک گلوکار ہوں اور مجھے کوئی گانے سے نہیں روک سکتا، کیونکہ میں پنجاب سے ہوں جہاں ہم خود گانے بناتے ہیں، خود گاتے ہیں، اور ہمیں کسی ہیرو کی ضرورت نہیں۔”
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جب تک دل کرے گا گائیں گے، چاہے فلمی دنیا میں جگہ بنے یا نہ بنے۔
یہ ویڈیو ایسے وقت میں وائرل ہوئی ہے جب بھارت میں دلجیت دوسانجھ کو سخت تنقید کا سامنا ہے، خصوصاً اپنی آنے والی فلم "سردار جی 3” میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے کے بعد۔
بھارت میں اُن کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا مہم جاری ہے، مگر پاکستانی شائقین دلجیت اور ہانیہ کی جوڑی کو خوب سراہ رہے ہیں اور اُن کی اس جُراتمندانہ پیشکش کو محبت بھرا جواب دے رہے ہیں۔