اسلام آباد:
محکمہ موسمیات نے 16 سے 20 اپریل کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور آندھی کی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
محکمہ کے مطابق اسلام آباد، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، گجرات، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں 16 تا 18 اپریل بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ 20 اپریل کی شام مزید بارش متوقع ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، بونیر، مردان اور پشاور میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ جنوبی پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کے دوران آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔
ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ آندھی اور بارش کے دوران کھمبوں یا درختوں کے قریب نہ جائیں۔ مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔