لاہور(کرائم رپورٹر)پولیس رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جناح ہاؤس آمد کے سلسلے میں جناح ہاؤس افشاں چوک پر اینٹی رائیٹ فورس کے دستوں کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی۔
اینٹی رائٹ فورس کی پلاٹون نمبر 42 گروپ نمبر 3 کے جوان اپنی ڈیوٹی پر کھڑے تھے۔ اس دوران ASP تیمور خان SDPO سرور روڈ پوائنٹ پر آئے۔ اور کنسٹیبل مجاہد، کنسٹیبل شارخ اور کنسٹیبل شاہد ملازمان کو اچھی ڈیوٹی نہ کرنے پر اے ایس پی تیمور خان ان کی سرزنش شروع کر دی۔
اسی دوران اے ایس پی سرور روڈ تیمور خان اور اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں کے مابین تلخ کلامی شروع ہو گئی جس پر اے ایس پی تیمور خان نے جوانوں کو گالم گلوچ کیا اور جوانوں کو سر اور بازوؤں پر اپنی چھڑی مارنی شروع کر دی جس سے سٹک ٹوٹ گئی ہے۔
چھڑی ٹوٹنے پر اے ایس پی تیمور خان فوری طور پر اپنی گاڑی پر بیٹھ کر موقع سے چلے گئے ہیں. رپورٹ کے مطابق اس واقعے سے متعلق اینٹی رائٹ فورس کے جوانوں میں کافی غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔
چھڑی مارنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد آئی کی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔