ایران اور اسرائیل کے مابین جاری کشیدگی نے مشرقِ وسطیٰ کی فضا کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے، جہاں کئی ممالک نے سلامتی خدشات کے باعث اپنے فضائی آپریشنز وقتی طور پر روک دیے ہیں۔
سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ ایران اور عراق کے لیے 16 اور 17 جون کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح روس، لبنان، قازقستان، آذربائیجان اور ازبکستان نے بھی ایران و عراق جانے والی پروازیں عارضی طور پر روک دی ہیں۔
قطر ایئرویز نے ایران، عراق اور شام کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کر دی ہیں، جب کہ امارات ایئرلائنز نے 20 جون تک ایران، اسرائیل اور عراق کے لیے فضائی آپریشن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جرمن ایئرلائنز نے مزید قدم اٹھاتے ہوئے نہ صرف اسرائیل، ایران اور عراق بلکہ عمان اور لبنان کے لیے بھی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
ترک ایئرلائن نے بھی ایران جانے والی پروازوں کو 19 جون تک روک دیا ہے۔
مسلسل بڑھتی کشیدگی کے باعث ہزاروں مسافر متاثر ہو رہے ہیں جبکہ بین الاقوامی ایوی ایشن حکام صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر اقدامات جاری ہیں۔