واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک )صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اقتدار سنبھالنے کے بعد کیے گئے پہلے وعدوں میں سے ایک کو پورا کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ نے یمن کے ایران نواز حوثی گروپ کو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کے طور پر نامزد کیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گیا کہ حوثی سرگرمیاں مشرق وسطی میں امریکی شہریوں اور اہلکاروں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ حوثی ہمارے قریبی علاقائی شراکت داروں کی حفاظت اور عالمی سمندری تجارت کے استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر 14175 کے مطابق انہیں دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 2023 سے حوثیوں نے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں تجارتی بحری جہازوں کے خلاف سینکڑوں حملے کیے ہیں، اس کے علاوہ نیوی گیشن کی آزادی کا دفاع کرنے والی امریکی افواج اور علاقائی شراکت داروں کو نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ حوثی گروپ نے چینی پرچم بردار جہازوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جبکہ امریکی اور اتحادی جہازوں کو نشانہ بنایا۔واشنگٹن نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کسی ایسے ملک کو برداشت نہیں کرے گا جو حوثیوں جیسی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ جائز تجارتی سرگرمیوں کی آڑ میں کام کرتا ہے۔
اس بات پر زور دیا کہ یہ قدم امریکی سلامتی کے مفادات اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، اور دہشت گرد گروہوں کو ملنے والی حمایت کو کم کرنے میں بھی کردار ادا کریگا۔